گھی 100 سے 150 روپے سستا ہوگا، وزیر خزانہ کا دعویٰ
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ گھی اور تیل کی قیمتیں واپس ہزار ڈالر ٹن پر آگئیں جس سے امید ہے کہ پاکستان میں گھی سو سے ڈیڑھ سو روپے سستا ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گھی کی قیمت عالمی مارکیٹ میں کم ہوچکی اب پاکستان میں بھی کم ہوگی جب کہ تیل کی قیمت سو ڈالر تک آگئی اور اس کا فائدہ مناسب وقت پر عوام تک پہنچائیں گے۔
مفتاح اسماعیل نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملک دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاملات جلد طے ہو جائیں گے، آئی ایم ایف پروگرام کے خاتمے کی افواہیں غلط ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ روس سے آئل لے لیتے تو بہتر ہو جاتا، یوکرین اور روس کی جنگ سے پہلے یہ لوگ روس گئے تھے، کوئی ایک اخبار دکھا دیں کہ عمران خان نے تیل کی بات کی ہو۔
”پھر کہتے ہیں کہ لنگر خانے بند ہوگئے ہیں، عمران خان نے کبھی لنگر خانے میں ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا، سیلانی ویلفیئر نے اپنے فنڈز سے لنگرخانوں میں پیسہ دیا“۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ لوگ ڈھائی، ڈھائی کروڑ روپے لون من پسند لوگوں کو دے رہے تھے، پاور ڈویژن کو جتنے پیسے ہم نے تین سے چار ماہ میں دیے اتنے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے نہیں دیے۔
0 Comments